حضرت ابوالفضل عبدالواحد تمیمی
رحمتہ اللہ علیہ
آپ رحمتہ اللہ علیہ کا اسم گرامی ابوالفضل عبدالواحد تمیمی رحمتہ اللہ علیہ ہے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کے والد ماجد کا اسم گرامی عبدالعزیز تمیمی ہے۔ آپ کی ولادت باسعادت ۲۲ رجب المرجب ۲۲۷ ہجری یمن میں بوقت عصر ہوئی ۔آپ رحمتہ اللہ علیہ حضرت ابوبکرشبلی رحمتہ اللہ علیہ کے مریدوخلیفہ ہیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ سے بے شمار خلق خدا نے راہ ہدایت پائی۔ حضرت ابوالفضل عبدالواحد تمیمی رحمتہ اللہ علیہ نے حرمین شریف کے کئی دورے کیے اور بلادعرب و عجم کی سیاحت کی۔
آپ نے اپنے والد ماجد حضرت عبدالعزیز تمیمی رحمتہ اللہ علیہ سے ۲۱ شعبان ۲۴۱ ہجری میں سلسلہ قادریہ نظامیہ رزاقیہ میں خلافت حاصل کی۔پھر ۲۳ رمضان ۲۴۹ ہجری میں آپ رحمتہ اللہ علیہ نے حضرت سید داود بن احمد جوزقی ابدالی سے خلافت حاصل کی ۔۲۴ رجب ۲۵۷ ہجری کو آپ نے حضرت ابو بکر شبلی سے بغداد میں خلافت حاصل کی ۔آپ رحمتہ اللہ علیہ ریاضت و عبادت میں اور تقویٰ و طہارت میں یکتائے زمانہ تھے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی عادات و صفات اپنے مرشد کامل حضرت ابوبکرشبلی رحمتہ اللہ علیہ کی طرح تھیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ ہر لمحہ سنت نبویؐ کی حفاظت فرماتے تھے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے سلسلہ قادریہ کو بہت فروغ بخشا اور خلق کثیر کو ہدایت ظاہری و باطنی سے مرصع فرمایا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے شریعت و طریقت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
آپ رحمتہ اللہ علیہ ۲۶جمادی الاخر ۴۲۵ہجری کو اس دارفانی سے رخصت ہوئے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کا مزار اقدس حضرت امام احمد بن حنبل رحمتہ اللہ علیہ کے مقبرہ بغداد شریف میں دریائے دجلہ کے کنارے تھا۔ دریائے دجلہ کی طغیانی اور کٹاؤ کی وجہ سے اب یہ دونوں مزار ناپید ہوچکے ہیں۔